رحیم یار خان میں بااثر ملزم کے ہاتھوں اسلحہ کے زور پر 2 ماہ تک مبینہ زیادتی کا نشانہ بننے لڑکی پولیس کی جانب سے انصاف نہ ملنے پر پانی کی 100 فٹ بلند ٹینکی پر چڑھ گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق مبینہ زیادتی کا شکار لڑکی نے پانی کی بلند ٹینکی پر چڑھ کر خودکشی کی دھمکی دی جسے پولیس اور اہل خانہ نے مقدمہ درج کرنے کی یقین دہانی کے بعد اتارا اور تھانے لے گئے۔
رحیم یارخان گلشن اقبال کی رہائشی 24 سالہ (ع) نے الزام لگایا کہ بااثر ملزم دو ماہ تک پہلے اسلحے کے زور پر اور پھر ویڈیو بنا کر بلیک میل کرتے ہوئے اسے زیادتی کا نشانہ بناتا رہا۔
متاثرہ لڑکی کے مطابق ملزم نے نشہ آور گولیاں کھلا کر اس کی برہنہ ویڈیوز بنائیں اور نازیبا ویڈیو اس کے عزیز واقارب کو بھی دکھاتا رہا جبکہ ملزم اب اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دے رہا ہے۔
لڑکی کے مطابق اعلیٰ افسران نے مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کیے مگر مقامی پولیس مقدمہ درج نہیں کر رہی، اس نے عدالت سے بھی آرڈر حاصل کیا لیکن مقدمہ پھر بھی درج نہیں کیا جا رہا جس کی وجہ سے وہ خودکشی پر مجبور ہوئی۔
ڈی ایس پی صدر میاں خالد نے ریسکیو حکام کے ساتھ موقع پر پہنچ کر لڑکی کو انصاف فراہمی کی یقین دہائی کرائی اور اسے تھانے لے گئے۔ ڈی ایس پی کے مطابق وہ ڈی پی او سے رابطہ کرکے ملزم کے خلاف کارروائی کریں گے۔