پاکستان کے چیئرمین جوائنٹ چیفس کی ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر سے ملاقات

image
پاکستان کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ (چیف ایڈوائزر) پروفیسر محمد یونس سے ملاقات کی ہے۔

بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائرز محمد یونس کے ایکس اکاؤنٹ پر اتوار کو جاری کیے گئے بیان کے مطابق یہ ملاقات سنیچر کی شب دارالحکومت ڈھاکہ میں واقع ریاستی مہمان خانے ’جمنا‘ میں ہوئی ہے۔

بیان کے مطابق ’ملاقات میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو ہوئی جن میں دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور دفاعی تعاون کی بڑھتی ہوئی اہمیت شامل تھی۔‘

’جنرل ساحر شمشاد مرزا نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور عوامی روابط کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا کہ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے۔ انہوں نے تجارت، رابطے اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں وسیع امکانات کی نشاندہی کی۔‘

بیان کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے مزید بتایا کہ کراچی اور چٹاگانگ کے درمیان دو طرفہ شپنگ روٹ کا آغاز ہو چکا ہے جبکہ ڈھاکہ، کراچی فضائی روٹ آئندہ چند ماہ میں کھلنے کی توقع ہے۔

ملاقات میں بنگلہ دیش کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر خلیل الرحمان اور بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر بھی موجود تھے۔ (فائل فوٹو: چیف ایڈوائز، ایکس)

’فریقین نے مشرق وسطیٰ اور یورپ میں کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اس دوران سوشل میڈیا پر غلط معلومات اور غیر ریاستی عناصر کی جانب سے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔‘

بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے کہا کہ ’جعلی خبریں اور غلط معلومات نے سوشل میڈیا کو بھر دیا ہے۔ اسے انتشار پھیلانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس خطرے سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔‘

اس ملاقات میں بنگلہ دیش کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر خلیل الرحمان، سینیئر سیکریٹری اور ایس ڈی جی کوآرڈینیٹر لمیا مرشد اور بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر بھی موجود تھے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US