توانائی کے شعبے کا ’تاریخی دن‘، امریکہ سے خام تیل کا سب سے بڑا کارگو آج پاکستان پہنچے گا

image
پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ امریکہ سے خام تیل کا کارگو آج بلوچستان پہنچے گا۔ توانائی کی درآمدات کو متنوع بنانے اور واشنگٹن کے ساتھ تجارت کو بڑھانے کے لیے اس قدام کو تاریخی قرار دیا گیا ہے۔

ہیوسٹن میں امریکی بندرگاہ سے 14 ستمبر کو روانہ ہونے والا ایم ٹی پیگاسس نامی جہاز تقریباً 10 لاکھ بیرل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل لے کر آج کراچی سے متصل بلوچستان کے علاقے حب میں سینرجیکو پاکستان لمیٹڈ  کے آف شور ٹرمینل پر لنگر انداز ہو گا۔

سینرجیکو پاکستان لمیٹڈ کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے والا تاریخ کا سب سے بڑا خام تیل کا ٹینکر ہے۔

کمپنی کے مطابق اسلام آباد اور واشنگٹن کے درمیان ہونے والے دو طرفہ تجارتی معاہدے کے نتیجے میں امریکہ سے براہ راست توانائی کی مصنوعات کو درآمد کیا جا سکتا ہے۔

پاکستان نے پہلی مرتبہ مشرق وسطیٰ کے علاوہ کسی اور ملک سے خام تیل درآمد کیا ہے جو پاکستان کی 90 فیصد تیل کی ضروریات کو پورا کرتا آیا ہے۔

کمپنی نے جاری بیان میں مزید کہا کہ ’یہ پاکستان کے توانائی کے شعبے کے لیے ایک تاریخی دن ہے اور پاکستان امریکہ تجارتی تعلقات کے نئے دور کی شروعات بھی۔ 

سینرجیکو پاکستان لمیٹڈ کا کہنا ہے کہ سپلائی کے ذرائع کو وسیع کرنے کی پالیسی پر کاربند ہوتے ہوئے نومبر کے وسط تک امریکہ سے خام تیل کا دوسرا جبکہ 2026 کے شروع میں تیسرا کارگو منگوانے کا ارادہ ہے۔

ماہرین کے مطابق امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل ہلکا ہونے اور سلفر کی مقدار میں کمی کے باعث مشرق وسطیٰ کے بھاری تیل پر انحصار کم ہو سکتا ہے، اور عالمی سطح پر سپلائی میں خلل پیدا ہونے سے پاکستان کم سے کم متاثر ہوگا۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US