’فوری طور پر نیوکلیئر تجربات شروع کریں‘، امریکی صدر کی محکمہ دفاع کو ہدایت

image
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے محکمۂ دفاع کو ہدایت کی ہے کہ وہ دیگر ایٹمی طاقتوں کے برابر نیوکلیئر تجربات دوبارہ شروع کر دے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق صدر ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آج جمعرات کو وہ اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ملاقات کرنے والے ہیں۔

انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ‘ پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’دیگر ممالک کے تجرباتی پروگراموں کی وجہ سے، میں نے محکمۂ جنگ کو ہدایت کی ہے کہ وہ بھی ان کے مقابلے میں ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات کا آغاز کرے۔ یہ کام فوری طور پر شروع کیا جائے گا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’روس دوسرے نمبر پر ہے اور چین کافی پیچھے تیسرے نمبر پر ہے مگر وہ پانچ سال میں اس کے برابر آ جائے گا۔‘

روسی صدر ولادیمیر پوتن نے بدھ کو کہا تھا کہ روس نے کامیابی کےساتھ ’پوسائیڈن‘ نامی ایٹمی توانائی سے چلنے والے سپر ٹارپیڈو کا تجربہ کیا ہے جس کے بارے میں عسکری ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ساحلی علاقوں کو تباہ کر سکتا ہے اور وسیع تابکار سمندری لہروں کو جنم دے سکتا ہے۔

جیسے جیسے ٹرمپ نے روس کے خلاف اپنا لہجہ اور پالیسی سخت کی ہے، پیوٹن نے بھی 21 اکتوبر کو ’بوریوستنک‘ کروز میزائل کے نئے تجربے اور 22 اکتوبر کو ایٹمی لانچ مشقوں کے ذریعے اپنی ایٹمی طاقت کا مظاہرہ کیا۔

امریکہ نے آخری مرتبہ 1992 میں نیوکلیئر تجربہ کیا تھا۔ یہ تجربات اس بات کے شواہد فراہم کرتے ہیں کہ کوئی نیا ایٹمی ہتھیار کس حد تک مؤثر ہے اور پرانے ہتھیار اب بھی قابلِ استعمال ہیں یا نہیں۔

امریکہ نے جولائی 1945 میں نیو میکسیکو کے علاقے الاموگورڈو میں 20 کلو ٹن ایٹم بم کے تجربے کے ساتھ ایٹمی دور کا آغاز کیا۔

اسی سال اگست میں، امریکہ نے جاپان کے شہروں ہیروشیما اور ناگاساکی پر ایٹمی بم گرا کر دوسری عالمی جنگ کا خاتمہ کیا۔

اقوامِ متحدہ کی ویب سائٹ کے مطابق 1945 سے لے کر 1996 تک دنیا بھر میں دو ہزار سے زائد ایٹمی تجربات کیے جا چکے ہیں۔ 1996 میں جامع ایٹمی تجربہ پابندی معاہدہ دستخط کے لیے پیش کیا گیا۔

اس کے بعد صرف 10 ایٹمی تجربات ہوئے  جن میں 1998 میں پاکستان اور انڈیا نے دو دو تجربے کیے جبکہ باقی تجربات شمالی کوریا نے 2006، 2009، 2013، 2016 اور 2017 میں انجام دیے۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US