’ایک اور موقع‘، پاکستان افغان طالبان کے ساتھ دوبارہ مذاکرات کے لیے آمادہ، سرکاری میڈیا

image
پاکستان کے سرکاری میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ میزبانوں کی درخواست پر پاکستان افغان طالبان کے ساتھ دوبارہ مذاکرات کے لیے آمادہ ہو گیا ہے۔

پی ٹی وی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے مذاکراتی عمل کو دوبارہ جاری رکھ کر امن کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

سرکاری میڈیا نے بتایا کہ پاکستانی وفد جو واپس روانہ ہونے والا تھا اب استنبول میں مزید قیام کرے گا۔ ’افغان طالبان کے ساتھ دوبارہ مذاکرات پاکستان کے مرکزی مطالبے پر ہوں گے۔‘

پاکستان کا مطالبہ ہے کہ افغانستان دہشت گردوں کے خلاف واضح، قابلِ تصدیق اور موثر کارروائی کرے۔ پاکستان نے ایک بار پھر زور دیا ہے کہ افغان سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو۔

یاد رہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب دیر گئے پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے افغانستان کے ساتھ مذاکرات کی ناکامی کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’پاکستان اور افغان طالبان حکومت کے درمیان استنبول میں ہونے والے مذاکرات کسی قابلِ عمل نتیجے پر نہیں پہنچ سکے ہیں۔‘

بدھ کو جاری بیان میں وزیراطلاعات نے کہا کہ مذاکرات کے دوران پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس اور ناقابلِ تردید شواہد پیش کیے، افغان طالبان اور میزبان ممالک نے پاکستان کے شواہد تسلیم کیے مگر کوئی یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی جھڑپوں کے بعد دیرپا امن کے لیے قطر اور ترکیے کی میزبانی میں استنبول میں مذاکرات ہوئے۔

مذاکرات کا پہلا دور 19 اکتوبر کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوا تھا جس میں دونوں ممالک نے عارضی جنگ بندی اور مذاکرات کا دوسرا دور استبول میں کرنے اتفاق کیا تھا۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US