میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ کراچی کی سی فورٹی سٹیز رکنیت بحال ہوگئی، جس کے بعد کراچی کی دنیا کے بڑے شہروں کی صف میں واپسی ہوگئی۔ 
مرتضیٰ وہاب کے مطابق موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے جامع کلائمٹ ایکشن پلان KCAP نافذ ہوگیا اور شہر کی کونسل نے شمسی توانائی پر مکمل منتقلی کا سنگ میل عبور کیا۔ 
انہوں نے بتایا کہ یو این ڈی پی اور عالمی اداروں کے تعاون سے ماحولیاتی تحقیق مکمل ہوئی، 25 ملین درخت لگانے کے ہدف سے ماحول پر بڑا مثبت اثر متوقع ہے۔ 
میئر کراچی نے کہا کہ عوامی شمولیت کے بغیر ماحولیاتی پائیداری ممکن نہیں، سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ عالمی معیار کی پالیسیوں سے شہر کا ماحول اور مستقبل دونوں محفوظ ہوں گے۔ عوام نے مہم کو اپنا لیا تو تبدیلی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ 
ان کا کہنا تھا کہ سولر انرجی اور گرین پالیسیوں سے کاربن اخراج میں کمی کا عمل جاری ہے، عالمی ادارے کراچی کی ماحولیاتی کوششوں کو کامیابی کی مثال قرار دے رہے ہیں۔ ہمارا ہدف پائیدار ترقی اور شہریوں کے لیے صاف، سرسبز مستقبل ہے۔ عالمی شراکت داری سے موسمیاتی چیلنجز کا مؤثر حل ممکن ہوا ہے۔