سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا سائبر کرائم اور بینک فراڈ واقعات پر اظہار تشویش

image

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر فیصل سلیم رحمان کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں سینیٹر شہادت اعوان، سینیٹر سیف اللہ ابڑو، سینیٹر عمر فاروق، سینیٹر پالوشاہ محمد زئی خان، سینیٹر جام سیف اللہ خان، سینیٹر دلاور خان، سینیٹر فالق ناز، سینیٹر بلال احمد خان مندوخیل اور سینیٹر اسلم ابڑو سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن اتھارٹی (NCCIA) نے ملک بھر میں بڑھتے ہوئے سائبر کرائم، جعلی کالز اور بینک فراڈ کے واقعات پر بریفنگ دی۔ کمیٹی نے عام شہریوں سمیت اراکین پارلیمنٹ کے بھی ان وارداتوں کا نشانہ بننے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

سینیٹر شہادت اعوان نے بتایا کہ NCCIA میں ایف آئی آر تو درج ہوتی ہیں لیکن مقدمات آگے نہیں بڑھتے اور برسوں تک عدالتوں میں التوا کا شکار رہتے ہیں۔ دیگر سینیٹرز نے بھی شکایات کرتے ہوئے کہا کہ جعلسازوں کے پاس متاثرین کی ذاتی معلومات تک موجود ہوتی ہیں، اور وہ سرکاری افسر یا کونسلنگ اسکیم کے نام پر لاکھوں روپے بٹور لیتے ہیں۔

اس موقع پر ڈی جی NCCIA نے اپنی کارکردگی میں خامیوں کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ ادارے کی ازسرنو تنظیم نو جاری ہے، جسے چھ ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا جبکہ تین ماہ میں ٹیکنیکل مہارت رکھنے والا نیا عملہ بھرتی کیا جائے گا۔

سینیٹر فالق ناز چترالی نے بتایا کہ ایک شخص نے کونسلنگ سینٹر قائم کرنے کے نام پر ان سے رقم وصول کی جبکہ شکایت کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ ڈی جی نے یقین دہانی کرائی کہ ان کا کیس ایک ہفتے میں حل کر دیا جائے گا۔

اجلاس میں سینیٹر سمینہ ممتاز زہری کی ذاتی مصروفیات کے باعث اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری فوڈ سیفٹی (ترمیمی) بل 2025 کو مؤخر کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ سینیٹر اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے کے قتل کیس میں پولیس کی پیش رفت نہ ہونے پر چیئرمین نے وزارت داخلہ کے اسپیشل سیکریٹری کو آئی جی سندھ اور آئی جی بلوچستان کو کمیٹی کے سامنے طلب کرنے کی ہدایت کی۔

مزید برآں ڈپلومیٹک اور مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس کے اجراء کے معاملے پر ڈی جی پاسپورٹ نے کمیٹی کو بتایا کہ متعلقہ فیصلے کابینہ کی منظوری سے مشروط ہیں۔ کمیٹی نے معاملے کے حل پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اجلاس میں صوابی میں 2,828 پیکٹ سگریٹ چوری کے کیس پر ایف بی آر اور ایف آئی اے حکام کو آئندہ اجلاس میں پیشی کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔

اجلاس کے اختتام پر چیئرمین فیصل سلیم رحمان نے کہا کہ شہریوں کے ذاتی ڈیٹا کا تحفظ اور سائبر اداروں کی شفافیت قومی سلامتی کا معاملہ ہے۔ کمیٹی ہر شکایت کی مکمل تحقیقات اور متاثرین کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US