اسلام آباد: تھانہ سبزی منڈی کے مختلف علاقوں میں ایس ایس پی آپریشنز محمد شعیب خان کی نگرانی میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کیا گیا، آپریشن میں ایس پی صدر زون، ایس پی انڈسٹریل ایریا، ایس ڈی پی او شہزاد ٹاؤن اور ترنول سرکل سمیت دیگر پولیس افسران نے حصہ لیا۔
پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 221 افراد کی بائیو میٹرک اور شناختی معلومات کی جانچ پڑتال کی گئی جبکہ 65 دکانوں، 43 موٹر سائیکلوں اور 31 گاڑیوں کی بھی تفصیلی چیکنگ کی گئی۔
ترجمان پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران 69 ایسے افغان شہریوں کو گرفتار کیا گیا جو بغیر قانونی دستاویزات کے رہائش پذیر تھے، جنہیں تفتیش کے لیے تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز محمد شعیب خان کا کہنا تھا کہ سرچ آپریشنز کا مقصد جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ چیکنگ کے دوران پولیس سے تعاون کریں اور مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس ہیلپ لائن پر دیں۔