"یہ سیٹ تو بالکل نقلی لگ رہا ہے۔"
"ایسا دکھاوا کرنا واقعی بہت گھٹیا طریقہ ہے۔"
"یہ خاتون تو حد سے زیادہ شوخی دکھا رہی ہیں۔"
یہ وہ تبصرے ہیں جو سوشل میڈیا پر اس وقت وائرل ہیں جب معروف ماہرِ نفسیات اور میڈیا پرسن ڈاکٹر نبیحہ علی خان کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آئیں۔ سوشل میڈیا صارفین جہاں انہیں مبارکباد دے رہے ہیں، وہیں ان کے شاہانہ انداز اور مہنگے لباس نے انٹرنیٹ پر ایک نیا بحث چھیڑ دی ہے۔
ڈاکٹر نبیحہ علی خان، جو اپنے مردوں کے حق میں دلائل دینے والے نظریات اور ازدواجی تعلقات پر کھلے مؤقف کے باعث ہمیشہ خبروں میں رہتی ہیں، اب اپنی ذاتی زندگی کے ایک نئے باب میں داخل ہو چکی ہیں۔ وہ ایک عرصے تک بیوہ رہنے کے بعد اب دوبارہ شادی کے بندھن میں بندھ گئی ہیں۔
نبیحہ علی خان نے اپنے قریبی دوست حارث کھوکھر سے نکاح کیا۔ ان کے نکاح کی تقریب میں متعدد مشہور سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور قریبی دوستوں نے شرکت کی، جبکہ نکاح مولانا طارق جمیل نے خود پڑھایا۔ تقریب نہایت پُرتکلف انداز میں منعقد ہوئی جس میں نبیحہ علی خان اپنی خوبصورت سفید دلہن کے لباس میں سب کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔
انہوں نے اپنی شادی کے جوڑے اور زیورات کی تفصیل خود بتائی۔ نبیحہ کے مطابق ان کا برائیڈل ڈریس مشہور ڈیزائنر حنا سلمان نے تیار کیا ہے جس کی قیمت ڈیڑھ کروڑ روپے ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے جو زیورات پہنے وہ چالیس تولے سونا پر مشتمل ہیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً دو کروڑ روپے بنتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ نبیحہ کے شوہر حارث کھوکھر نے ایک ویڈیو میں بتایا کہ چالیس میں سے بیس تولے انہوں نے خود دیے ہیں جبکہ باقی بیس تولے ان کے ایک قریبی دوست کی طرف سے تحفہ ہیں۔
تاہم سوشل میڈیا پر جہاں کچھ صارفین نے ان کے نکاح کی خوشی منائی، وہیں اکثریت نے اس دکھاوے پر تنقید کی۔ کسی نے ان کے زیورات کو جعلی کہا، کسی نے ان کے لب و لہجے کو مصنوعی قرار دیا، تو کسی نے کہا کہ ایک ماہرِ نفسیات سے اتنے فخریہ انداز کی نمائش کی توقع نہیں تھی۔
دوسری جانب نبیحہ علی خان کے مداحوں کا کہنا ہے کہ اگر وہ خوش ہیں تو ان کی کامیابی کا جشن منانا کوئی جرم نہیں۔ بہرحال، ان کا شاہانہ نکاح اور سوشل میڈیا پر جاری بحث انہیں ایک بار پھر مرکزِ توجہ بنا چکی ہے اور یہ ثابت کر رہی ہے کہ ڈاکٹر نبیحہ نہ صرف بولڈ خیالات بلکہ اپنی منفرد طرزِ زندگی کے باعث بھی خبروں میں رہنا جانتی ہیں۔