ہم عورتیں قربانیاں دیتی ہیں لیکن.. صائمہ قریشی کی زندگی میں طلاق سے بڑا دکھ کیا ہے؟

image

"ہر عورت چاہتی ہے کہ اس کی شادی کامیاب ہو۔ ہم عورتیں اپنی پوری کوشش کرتی ہیں کہ گھر بس جائے، رشتے کو بچایا جا سکے۔ ہم وقت دیتی ہیں، قربانیاں دیتی ہیں اور اکثر یہ امید رکھتی ہیں کہ شاید ہمارا شوہر بدل جائے، مگر کچھ عادتیں ایسی ہوتی ہیں جو کبھی نہیں بدل سکتیں۔ میں نے بھی اپنے گھر کے لیے بہت لڑائی لڑی، مگر آخرکار کچھ بھی اسے بچا نہ سکا۔ طلاق میری زندگی میں بعد میں آئی، مگر اس سے پہلے میری سب سے بڑی آزمائش میرے والد کی موت تھی، جو میرے بچپن میں ہوئی۔ وہ واقعہ میری زندگی کو ہلا کر رکھ گیا تھا۔"

یہ دل چھو لینے والے الفاظ معروف اداکارہ صائمہ قریشی کے ہیں جو حال ہی میں مدیحہ نقوی کے پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئیں۔ وہاں انہوں نے پہلی بار اپنے دل کے زخم کھولے اور اپنی زندگی کے ان لمحوں کا ذکر کیا جنہوں نے انہیں اندر سے توڑ دیا۔

صائمہ قریشی، جو پاکستان ٹیلی ویژن کی ایک سینیئر اور باصلاحیت اداکارہ سمجھی جاتی ہیں، کئی برسوں سے ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی شناخت بنا چکی ہیں۔ انہوں نے متعدد یادگار کرداروں سے ناظرین کے دل جیتے، خاص طور پر منفی کرداروں میں ان کی جاندار اداکاری نے انہیں ایک منفرد مقام دیا۔ ان کے مقبول ڈراموں میں عشق بے پرواہ، انتُ الحیات، نہر، نکاح، جدا ہوئے کچھ اس طرح، امانت، وفا کر چلے، شہناز، نند، بندھے ایک ڈور سے اور حالیہ سپر ہٹ سیریل دنیا پور شامل ہیں۔

اداکارہ نے شو میں بتایا کہ طلاق ان کی زندگی کا سب سے بڑا فیصلہ تھا مگر یہ کوئی آسان مرحلہ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے گھر کو بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتی رہیں، مگر حالات اس نہج پر پہنچ گئے جہاں جدائی ہی واحد راستہ رہ گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی عورت کبھی اپنی مرضی سے طلاق نہیں لیتی، بلکہ جب زندگی میں درد، برداشت سے زیادہ ہو جائے تو انسان کو خود کو بچانے کے لیے قدم اٹھانا پڑتا ہے۔

صائمہ قریشی نے اپنے ماضی کے ایک اور دکھ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بچپن میں والد کا سایہ سر سے اٹھ جانا ان کے لیے سب سے بڑا صدمہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ حادثہ ان کے وجود کو اندر تک ہلا گیا اور شاید اسی صدمے نے انہیں زندگی کے ہر امتحان کے لیے مضبوط بنا دیا۔

صائمہ قریشی اب تین بیٹوں کی ماں ہیں، جن میں ان کا بڑا بیٹا شوبز انڈسٹری میں بطور اداکار اور ماڈل کامیابی سے قدم جما چکا ہے۔ ان کی کہانی اُن تمام خواتین کے لیے حوصلے کی علامت ہے جو زندگی کے سخت ترین موڑ پر بھی خود کو سنبھالنے کا ہنر رکھتی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US