ان کی گود میں کھیلی لیکن۔۔ نائمہ خان کا اشفاق احمد سے قریبی رشتے داری کا انکشاف ! کون سی آخری خواہش نہیں پوری کی؟

image

"مجھے بچپن سے ہی اداکاری کا شوق تھا، میں چائے بناتے ہوئے مختلف کرداروں میں ڈھل جاتی تھی، شیشے کے سامنے مکالمے بولتی تھی، لیکن میرے والد اداکاری کے سخت خلاف تھے۔ ٹی وی دیکھنا بھی منع تھا، اس لیے میٹرک کے فوراً بعد میں نے والدہ سے کہا کہ میری شادی کرا دیں تاکہ میں اپنی مرضی سے زندگی گزار سکوں۔"

سینئر اداکارہ نائمہ خان نے پروگرام ’زبردست ود وصی شاہ‘ میں اپنی زندگی کی کہانی سناتے ہوئے نہ صرف اپنے فنّی سفر بلکہ ذاتی زندگی کے پوشیدہ پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد زندگی کے رنگ بدل گئے، خواب چولہے اور برتنوں میں کہیں گم ہوگئے، مگر قسمت نے ایک نیا موڑ تب دیا جب ان کے شوہر نے ان کے شوق کو پہچان لیا۔ نائمہ خان کے مطابق، "ایک دن ہم ٹی وی پر ڈراما دیکھ رہے تھے، میں نے ایک مکالمے پر کہا کہ یہ اداکار ٹھیک نہیں بول رہا، تو شوہر نے ہنس کر کہا تم کرلو پھر۔ بس وہ لمحہ میری زندگی کا رخ بدل گیا۔"

اداکارہ نے بتایا کہ شوہر کے حوصلہ افزا رویے نے ان میں چھپی فنکارہ کو جگا دیا۔ انہیں اجازت ملی کہ وہ وہی کریں جس کے لیے وہ ہمیشہ سے خواب دیکھتی آئی تھیں۔ نائمہ خان نے اسی جذبے کے ساتھ انڈسٹری میں قدم رکھا اور اپنی پہچان خود بنائی۔

پروگرام کے دوران نائمہ خان نے ایک دلچسپ مگر جذباتی انکشاف بھی کیا۔ ان کے مطابق معروف ادیب اور ڈرامہ نگار اشفاق احمد ان کے قریبی رشتہ دار تھے۔ "وہ میرے ماموں تھے، سگے نہیں مگر بہت قریب تھے۔ انہوں نے مجھ سے کہا تھا کہ کبھی میڈیا میں اس رشتے کا ذکر نہ کرنا کیونکہ لوگ تمہیں تمہارے کام سے نہیں بلکہ میرے نام سے پہچانیں گے۔" نائمہ خان نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ ان کی بات مانی، کسی تعلق کا فائدہ نہیں اٹھایا اور صرف اپنی محنت پر بھروسہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اشفاق احمد ان سے بے حد محبت کرتے تھے اور بچپن میں وہ اکثر ان کی گود میں کھیلا کرتی تھیں۔ "ان کی آخری خواہش تھی کہ میں ان کے لیے گھر میں ایک مٹکہ پارٹی رکھوں, کچی لسی اور ٹھنڈے آموں کے ساتھ۔ میں نے وعدہ کیا، مگر قسمت کو کچھ اور منظور تھا۔ میں بچوں کے ساتھ لندن چلی گئی اور انہی دنوں وہ دنیا سے رخصت ہوگئے۔ آج بھی دکھ ہے کہ میں ان کی وہ آخری خواہش پوری نہ کر سکی۔"

اشفاق احمد، جنہوں نے اردو ادب کو نئی فکری جہتیں اور روحانی گہرائی عطا کی، نائمہ خان کے لیے صرف ایک رشتہ نہیں بلکہ ایک رہنمائی کا استعارہ تھے۔ نائمہ خان نے گفتگو کے آخر میں کہا کہ وہ آج جو بھی ہیں، اپنی محنت، صبر اور اس نصیحت کی وجہ سے ہیں کہ انسان کو اپنی پہچان خود بنانی چاہیے، کسی بڑے نام کے سہارے نہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US