روس کے علاقے داغستان میں ایک افسوسناک فضائی حادثے نے سب کو ہلا کر رکھ دیا۔ ایک ہیلی کاپٹر، جس میں ملٹری پلانٹ کے اعلیٰ افسران سوار تھے، فضا میں ہی دو حصوں میں تقسیم ہو کر زمین بوس ہوگیا۔ اس خوفناک لمحے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثہ داغستان کے ایک پہاڑی علاقے میں پیش آیا جہاں ہیلی کاپٹر نے اڑان کے کچھ دیر بعد ایک چٹان سے ٹکرا کر اپنا توازن کھو دیا۔ تصادم کے فوراً بعد جہاز کا ڈھانچہ دو ٹکڑوں میں بٹ گیا، لیکن پائلٹ نے غیر معمولی حوصلے کے ساتھ اسے سنبھالنے کی کوشش کی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پائلٹ نے پہلے پانی کے اوپر ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی، مگر جیسے ہی اسے اندازہ ہوا کہ وہاں لینڈ کرنا ممکن نہیں، اس نے ہیلی کاپٹر کو دوبارہ فضا میں بلند کیا تاکہ کسی محفوظ جگہ پر اتارا جا سکے۔ لیکن چند لمحوں بعد ہیلی کاپٹر گھومتے ہوئے تیزی سے نیچے آیا اور زمین سے ٹکرا کر مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔
اس المناک حادثے میں ملٹری پلانٹ کے ڈپٹی جنرل ڈائریکٹر، چیف انجینئر، چیف ڈیزائنر سمیت پانچ افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ملبے سے لاشیں نکالیں، جبکہ علاقے میں سوگ کی فضا پھیل گئی۔
روسی حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، موسم یا تکنیکی خرابی ممکنہ وجوہات میں شامل ہو سکتی ہیں، تاہم حتمی رپورٹ تاحال جاری نہیں کی گئی۔
یہ واقعہ ایک بار پھر یاد دلاتا ہے کہ فضائی سفر میں لمحہ بھر کی غلطی یا معمولی نقص کتنی بڑی تباہی کا سبب بن سکتا ہے۔