ڈیجیٹل مسابقت میں متحدہ عرب امارات کی بڑی کامیابی، عالمی سطح پر نوواں نمبر

image

متحدہ عرب امارات نے عالمی ڈیجیٹل مسابقتی رپورٹ 2025 میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے دنیا بھر میں نویں پوزیشن حاصل کر لی۔ یہ رپورٹ سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزان میں قائم انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار مینجمنٹ ڈویلپمنٹ نے جاری کی۔

العربیہ کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا کہ متحدہ عرب امارات نے ڈیجیٹل مسابقت کے کلیدی ستونوں میں نمایاں نتائج حاصل کیے ہیں۔ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو اپنانے اور جدید ڈیجیٹل نظام تیار کرنے کے نتیجے میں مستقبل کی تیاری کے شعبے میں امارات دنیا بھر میں پانچویں نمبر پر رہا۔

رپورٹ کے مطابق امارات نے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری اور ڈیجیٹل سرکاری خدمات کی وسعت کے باعث ٹیکنالوجی کے ستون میں چھٹا عالمی مقام حاصل کیا۔

ایمریٹس نیوز ایجنسی (وام) کے مطابق یو اے ای نے کئی اہم اشاریوں میں عالمی قیادت حاصل کی ہے جن میں انٹرنیٹ کی وسیع رسائی،تیز رفتار مواصلاتی نیٹ ورکس، وینچر کیپیٹل کی دستیابی، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی کارکردگی اور ڈیجیٹل مہارتوں کی ترقی شامل ہیں۔

ان تمام اشاریوں میں امارات دنیا میں پہلے نمبر پر رہا۔ مزید یہ کہ ملک کو 15 اشاریوں میں عالمی ٹاپ 5 اور 22 اشاریوں میں ٹاپ 10 میں شمار کیا گیا جو اس کی جامع ڈیجیٹل ترقی کی واضح عکاسی کرتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق علمی ستون کے لحاظ سے یو اے ای دنیا میں 12ویں پوزیشن پر ہے جو ان قومی پروگراموں کا نتیجہ ہے جن کا مقصد سائنسی مہارتوں، تکنیکی تعلیم اور مستقبل پر مبنی شعبوں میں استعداد کو فروغ دینا ہے۔

یہ کامیابی متحدہ عرب امارات کے اس وژن کی تصدیق کرتی ہے جس کے تحت وہ ڈیجیٹل معیشت، جدید ٹیکنالوجی اور جدت پر مبنی ترقی کے عالمی مرکز کے طور پر اپنی پوزیشن مزید مضبوط کر رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US