کراچی زو میں ننھے 3 مہمانوں کی آمد۔۔۔۔شیرنی کے بچے سب کی توجہ کا مرکز بن گئے

image

کراچی چڑیا گھر میں 16 نومبر کو شیرنی نے تین صحت مند بچوں کو جنم دیا۔چڑیا گھر کے ترجمان کے مطابق پیدائش کے فوراً بعد ان ہاؤس ویٹرنری ڈاکٹرز نے بچوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور انہیں مکمل صحت مند قرار دیا۔ مادہ شیرنی بھی صحت مند ہے اور اس کی خصوصی دیکھ بھال جاری ہے۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہر اور جنگلی حیات سے محبت کرنے والوں کے لیے خوشی کی خبر ہے۔ انہوں نے چڑیا گھر انتظامیہ کو ہدایت کی کہ شیر کے بچوں کی خصوصی دیکھ بھال کی جائے اور انہیں فی الحال عوامی نمائش کے لیے پیش نہ کیا جائے۔ بچوں کو ڈاکٹروں کی اجازت کے بعد مرحلہ وار عوام کے سامنے متعارف کرایا جائے گا۔

چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق جانوروں کے باڑوں کی اپ گریڈیشن، ویٹرنری سہولیات میں بہتری، غذائی منصوبہ بندی اور ماحول دوست اقدامات نے چڑیا گھر کے معیار میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔

میئر کراچی نے مزید کہا کہ کراچی چڑیا گھر میں دیگر جانوروں کے ہاں بھی بچوں کی ولادت متوقع ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ چڑیا گھر کا ماحول جانوروں کے لیے موزوں اور محفوظ ہے۔

چڑیا گھر انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی کہ شیر کے بچوں کو مناسب دیکھ بھال اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے بعد انہیں عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا تاکہ شہری نہ صرف تفریح بلکہ تعلیمی اور تحقیقی سہولت کے طور پر چڑیا گھر کا بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US