وہ بظاہر ایک عام سا جوڑا دکھائی دیتے تھے۔ لیکن جب انھوں نے آسٹریلیا میں صرف ایک ہی کیسینو (یعنی جوا خانہ) میں تقریبا پونے آٹھ لاکھ امریکی ڈالر جیتے تو یہ اچنبھے کی بات تھی۔
قزاقستان سے تعلق رکھنے والے علیشیری کھوجا اسرائیلوو اور ان کی اہلیہ دلنوزا اسرائیلوو بظاہر ایک عام سا جوڑا دکھائی دیتے تھے۔
لیکن جب انھوں نے آسٹریلیا میں صرف ایک ہی کیسینو (یعنی جوا خانہ) میں تقریبا پونے آٹھ لاکھ امریکی ڈالر جیتے تو یہ اچنبھے کی بات تھی۔ پاکستانی کرنسی کے حساب سے یہ رقم تقریبا 22 کروڑ روپے سے زیادہ بنتی ہے۔
اب یہ دونوں پولیس کی حراست میں ہیں۔ ان دونوں پر الزام ہے کہ انھوں نے یہ رقم فراڈ سے جیتی جس میں ٹی شرٹ میں چھپے ہوئے ایک خفیہ کیمرے اور کانوں میں پہنے ہوئے آلے کی مدد حاصل کی گئی تھی۔
آسٹریلیا میں نیو ساوتھ ویلز پولیس کا کہنا ہے کہ اس جوڑے کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب سڈنی میں واقع ایک کیسینو کے عملے نے دیکھا کہ 36 سالہ دلنوزا نے مکی ماؤس نامی کارٹون کردار والی جو ٹی شرٹ زیب تن کی ہوئی ہے اس میں ایک نہایت چھوٹا اور خفیہ کیمرا نصب تھا۔
اس کے بعد انھیں اور ان کے 44 سالہ شوہر کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے بعد میں ان کی تلاشی لی تو مذید انکشافات ہوئے۔
پولیس کے مطابق ان کی تحویل سے مبینہ طور پر مقناطیسی آلے اور فون کے ساتھ نصب شیشہ بھی برآمد ہوا جو جوئے میں فراڈ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
اب پولیس نے ان پر بے ایمانی سے معاشی فائدہ حاصل کرنے کا الزام عائد کیا ہے اور دونوں پولیس کی حراست میں ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ جوڑا اکتوبر میں قزاقستان سے آسٹریلیا کے شہر سڈنی پہنچا تھا اور پہلے ہی دن انھوں نے متعلقہ کیسینو کی رکنیت کے لیے درخواست دے دی تھی۔
پولیس کے مطابق اگلے ہفتوں کے دوران وہ متعدد بار کیسینو گئے اور مجموعی طور پر پونے آٹھ لاکھ امریکی ڈالر جیتنے میں کامیاب ہوئے۔ اتنی قلیل مدت میں اتنی زیادہ رقم جیتنے کی وجہ سے ہی عملے کو ان پر شک ہوا اور گزشتہ جمعرات کو انھیں پکڑ لیا گیا۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ جاسوسی کے آلات ان کے موبائل فون سے جڑے ہوئے تھے جس کی وجہ سے وہ کسی بھی ایسی میز پر، جہاں جوا کھیلا جا رہا ہوتا تھا، سب کچھ دیکھ سکتے تھے۔
پولیس کے مطابق کانوں میں پہنے ہوئے آلے کی مدد سے وہ مبینہ طور پر ایک دوسرے کو بتاتے تھے کہ کس وقت شرط لگانی چاہیے۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ کیسینو کے قریب ان کی رہائش گاہ کی تلاشی کے دوران تقریبا دو ہزار برطانوی پاؤنڈ اور زیوارت بھی ملے۔
جمعے کے دن، پولیس کے مطابق، جوڑے جو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی گئی۔
آسٹریلوی اخبار گارڈین آسٹریلیا کے مطابق علیشیری کھوجا کی اگلی پیشی 11 دسمبر کو ہو گی جبکہ ان کی اہلیہ کو آئندہ سال فروری میں عدالت میں پیش ہونا ہے۔