نہیں چاہتے خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگے، فیصل واوڈا

image

سینیٹر فیصل واوڈا نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی خبروں پر ردعمل دے دیا، انھوں نے کہا کہ بدمعاشی کریں گے تو گورنر راج لگ سکتا ہے۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ ہم سب کی کوشش ہونی چاہیے خیبر پختونخوا کے وزیرِاعلیٰ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔ انھوں نے کہا کہ میں خیبر پختونخوا کے وزیرِاعلیٰ سے کہوں گا وہ اپنی حکومت چلائیں، ہائی کورٹ کے آرڈر کے بعد غلطی ان کی نااہلی کا سبب بن سکتی ہے۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگے، اگر آپ نے غنڈہ گردی کرنی ہے تو پھر ہمارے پاس کوئی اور آپشن نہیں بچے گا۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے فیصل کریم کنڈی ہی گورنر خیبر پختونخوا رہیں، اگر کسی اور نام کا قرعہ نکلتا ہے تو وہ پھر سیاسی نہیں ہوسکتا، فیصل کریم کنڈی کے نام پر ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

سینیٹر فیصل واوڈا کا مزید کہنا تھا کہ اگر اب بھی انہیں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی خواہش ہے تو دیوار پر ٹکریں مارتے رہیں، دیوار کو کچھ نہیں ہونا اور دیوار سے کچھ نہیں ملنا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ ایک ہی راستہ ہے کہ آپ سیاسی طور پر وزیراعظم اور صدر مملکت کے پاس جائیں، صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملنے سے ان کا مسئلہ حل ہوجائے گا، ہر مسئلے کی چابی صدر آصف علی زرداری کے پاس ہوتی ہے۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ نواز شریف کا بیان اور اسمبلی میں آنا بتاتا ہے کہ وہ حکومت کے ساتھ ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US