سام سنگ نے منگل کو اپنے پہلے ملٹی فولڈنگ سمارٹ فون کی رونمائی کی ہے۔ یہ سمارٹ فونز کی ایسی نئی قسم ہے جس میں حالیہ عرصے کے دوران مقابلہ سخت ہوتا جا رہا ہے اور سام سنگ بظاہر چاہتا ہے کہ یہ اپنی پوزیشن مضبوط کر سکے۔
فون میں تین پینل نصب کیے گئے ہیں اور یہ سام سنگ کے اپنے سابقہ ماڈل گلیکسی زی فولڈ سیون سے قریب 25 گنا زیادہ بڑا ہےسام سنگ نے منگل کو اپنے پہلے ملٹی فولڈنگ سمارٹ فون کی رونمائی کی ہے۔ یہ سمارٹ فونز کی ایسی نئی قسم ہے جس میں حالیہ عرصے کے دوران مقابلہ سخت ہوتا جا رہا ہے اور سام سنگ بظاہر چاہتا ہے کہ یہ اپنی پوزیشن مضبوط کر سکے۔
سام سنگ اپنے نئے فون ’گلیکسی زی ٹرائی فولڈ‘ کے ذریعے چینی کمپنیوں کا مقابلہ کرنا چاہتا ہے جو پذیرائی حاصل کر رہی ہیں۔
روئٹرز کے مطابق بعض مبصرین کا خیال ہے کہ مہنگے داموں اور پروڈکشن کی پیچیدگیوں کی وجہ سے فولڈ ایبل ڈیوائسز ایک خاص اور نایاب قسم رہیں گی۔
اس فون کی خاص بات یہ ہے کہ یہ ٹرائی فولڈنگ ہے، یعنی تین تہوں میں مڑ سکتا ہے اور صارفین کے لیے 10 انچ کا ڈسپلے بھی بن سکتا ہے۔
فون میں تین پینل نصب کیے گئے ہیں اور یہ سام سنگ کے اپنے سابقہ ماڈل گلیکسی زی فولڈ سیون سے قریب 25 گنا زیادہ بڑا ہے۔
گلیکسی زی ٹرائی فولڈ کی خصوصیات کیا ہیں
اس ڈیوائس میں اب تک کی سام سنگ کی سب سے بڑی بیٹری نصب ہے اور یہ فون فاسٹ چارجنگ کو بھی سپورٹ کرتا ہے۔ کمپنی کے مطابق اسے 30 منٹ میں 50 فیصد تک چارج کیا جا سکتا ہے۔
اس کی خصوصیات میں 10 انچ سکرین، 200 میگا پِکسل کیمرا، 5600 ایم اے ایچ تھری سیل بیٹری سسٹم اور 45 واٹ کی سپر فاسٹ چارجنگ شامل ہیں جبکہ کمپنی کے مطابق اس سمارٹ فون میں سنیپ ڈریگن ایٹ ایلیٹ موبائل پلیٹ فارم نصب ہے جو اس کی پرفارمنس کو بہتر بناتا ہے۔
فون کے پیچھے تین کیمرے ہیں: 200 میگا پِکسل وائیڈ، 10 میگا پِکسل ٹیلی فوٹو اور 12 میگا پِکسل الٹرا وائیڈ جبکہ فون میں دو فرنٹ کیمرے ہیں: 10 میگا پِکسل سیلفی اور 10 میگا پِکسل مین کیمرا۔
اس فون میں زیادہ سے زیادہ ون ٹیرا بائیٹ کی سٹوریج دستیاب ہو گی اور اسے آئی پی 48 کی ریٹنگ کے ساتھ واٹر رزسٹنٹ بنایا گیا ہے۔
ستمبر 2024 کے دوران ہواوے کے ایسے ہی فون ’میٹ ایکس ٹی‘ کو لانچ کیا گیا تھاہواوے اور ایپل سے مقابلہ
سام سنگ الیکٹرونکس کے ایگزیکٹیو نائب صدر الیکس لِم کا کہنا ہے کہ ’میرا خیال ہے فولڈ ایبل مارکیٹ میں وسعت آئے گی۔‘
لِم کا کہنا ہے کہ فولڈ ایبل ڈیوائس ایسے صارفین کے لیے ہے جو واقعی اسے خریدنا چاہتے ہیں اور یہ کوئی ایسی ڈیوائس نہیں جس کی فروخت سب سے زیادہ ہو گی۔
روئٹرز کے مطابق ماہرین کا خیال ہے کہ ٹرائی فولڈ سام سنگ کے لیے نئی ٹیکنالوجی کی نمائش کا کام کرے گا، نہ کہ سمارٹ فونز کی فروخت میں اضافے کا باعث بنے۔
فولڈ ایبل سمارٹ فونز کی دوڑ میں دیگر کمپنیاں بھی شامل ہیں، جیسی چینی کمپنی ہواوے جس نے ستمبر میں دنیا کا پہلا تین بار فولڈ ہونے والا فون لانچ کیا تھا جبکہ ایپل بھی اگلے سال اپنا پہلا فولڈ ایبل سمارٹ فون لانچ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
یاد رہے کہ ستمبر 2024 کے دوران آئی فون 16 کی لانچ کے کچھ ہی گھنٹے بعد ہواوے میٹ ایکس ٹی کو لانچ کیا گیا تھا اور اس کی ابتدائی قیمت 2800 امریکی ڈالر مقرر کی گئی تھی۔ کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق اس فون کے لیے انھیں لانچ سے قبل ہی 40 لاکھ آرڈر مل چکے تھے۔
مگر ماہرین کا خیال ہے کہ ان فونز کی قیمتیں ابھی بہت زیادہ ہیں جبکہ انھیں بعض چیلنجز کی وجہ سے وسیع پیمانے پر تیار بھی نہیں کیا جاتا۔
کاؤنٹر پوائنٹ ریسرچ کے مطابق سمارٹ فون کی مجموعی مارکیٹ میں فولڈ ایبل فونز کا حصہ دو فیصد سے بھی کم ہے اور 2027 تک بھی یہ تین فیصد سے کم ہی رہے گا۔
رواں سال تیسری سہہ ماہی کے دوران سام سنگ کا فولڈ ایبل مارکیٹ کا شیئر 64 فیصد تک پہنچ گیا تھا جو کہ گذشتہ سال اسی عرصے کے دوران محض نو فیصد تھا۔
سام سنگ زی ٹرائی فولڈ کی قیمت 2440.17 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہےٹرائی فولڈ کی قیمت کتنی ہے اور یہ کب دستیاب ہو گا؟
سام سنگ زی ٹرائی فولڈ کی قیمت 2440.17 امریکی ڈالر (قریب چھ لاکھ 89 ہزار پاکستانی روپے) مقرر کی گئی ہے۔
ٹرائی کو جنوبی کوریا میں بنایا جا رہا ہے اور یہ 12 دسمبر سے وہاں فروخت ہونا شروع ہو جائے گا۔
اسے جلد اسی سال چین، سنگاپور، تائیوان اور متحدہ عرب امارات میں بھی لانچ کیا جائے گا جبکہ امریکہ میں لانچ اگلے سال کی پہلی سہہ ماہی میں متوقع ہے۔
لِم کا کہنا تھا کہ میموری چِپس اور دیگر پرزوں کی قیمتوں میں تیزی دیکھی گئی ہے جس کی وجہ سے اس کی قیمت کا تعین ایک مشکل فیصلہ تھا۔
دریں اثنا پاکستان میں سام سنگ نے تاحال اسے لانچ کرنے کا کوئی اعلان نہیں کیا۔ سام سنگ پاکستان کی ویب سائٹ کے مطابق اس وقت تک گلیکسی زی فولڈ سِکس کی قیمت چھ لاکھ پانچ ہزار روپے ہے۔