بجٹ میں سوشل میڈیا انفلوئنسرز پر 5 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس عائد

image

وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 27-2026 کے بجٹ میں سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور ڈیجیٹل کانٹینٹ کریئیٹرز کی آمدن پر 5 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فنانس بل کے مطابق یوٹیوب، فیس بک، ٹک ٹاک اور انسٹاگرام سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے حاصل ہونے والی آمدن پر 5 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس لاگو ہوگا۔ متعلقہ بینک سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور کانٹینٹ کریئیٹرز کے اکاؤنٹس میں منتقل ہونے والی رقم سے ٹیکس کٹوتی کرے گا۔

دوسری جانب حکومت نے کسٹمز ٹیرف میں بڑے پیمانے پر کمی کا اعلان بھی کیا ہے۔ فنانس بل کے مطابق متعدد ٹیرف لائنز پر کسٹمز ڈیوٹی کی شرح کم کر دی گئی ہے، جبکہ 20 فیصد کسٹمز ڈیوٹی کو کم کرکے 15 اور 10 فیصد کی سطح پر لایا گیا ہے۔

دستاویزات کے مطابق 449 ٹیرف لائنز پر اضافی کسٹمز ڈیوٹی 6 فیصد سے کم کرکے 4 فیصد اور 2107 ٹیرف لائنز پر 4 فیصد سے کم کرکے 2 فیصد کر دی گئی ہے۔

حکومت نے 569 اشیا پر اضافی کسٹمز ڈیوٹی مکمل طور پر ختم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے، جبکہ 359 ٹیرف لائنز پر ریگولیٹری ڈیوٹی کی زیادہ سے زیادہ شرح 20 فیصد مقرر کی گئی ہے۔

فنانس بل میں کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والے اہم خام مال کو کسٹمز ڈیوٹی سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ زرعی مشینری پر کسٹمز، اضافی اور ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے، جبکہ خصوصی تعمیراتی گاڑیوں پر کسٹمز ڈیوٹی 20 فیصد سے کم کرکے 10 فیصد کر دی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US