وفاقی حکومت نے مالی سال 27-2026 کے بجٹ میں شپنگ انڈسٹری کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے اس شعبے پر عائد 18 فیصد سیلز ٹیکس مکمل طور پر ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے اس فیصلے کو میری ٹائم معیشت اور لاجسٹکس سیکٹر کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیلز ٹیکس کے خاتمے سے کاروباری لاگت میں نمایاں کمی آئے گی اور بحری تجارت کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے کارگو ہینڈلنگ اور شپنگ سرگرمیوں میں تیزی آئے گی جبکہ مقامی شپنگ کمپنیوں کی مسابقتی صلاحیت بھی بہتر ہوگی۔ ان کے مطابق ٹیکس ریلیف شپنگ سیکٹر میں نئی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرے گا اور درآمدی و برآمدی لاگت میں کمی کے ذریعے ملکی تجارت کو سہارا ملے گا۔
وزیر بحری امور کا کہنا تھا کہ شپنگ انڈسٹری کی ترقی سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور پاکستان کی میری ٹائم معیشت مزید مستحکم ہوگی۔
جنید انوار چوہدری نے کاروباری برادری کو اس تاریخی ٹیکس ریلیف پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ فیصلہ ملکی معیشت، تجارتی سرگرمیوں اور لاجسٹکس شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔