سرگودھا پولیس نے نہر سے ملنے والی نامعلوم خاتون کے اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے مقتولہ کے شوہر اور اس کے بھائی کو گرفتار کر لیا۔
ضلعی پولیس ترجمان کے مطابق چار روز قبل بھلوال کے قریب نہر سے ایک خاتون کی گلا کٹی لاش برآمد ہوئی تھی۔ مقتولہ کی شناخت کے لیے پولیس نے فنگر پرنٹس حاصل کرکے نادرا کے فیملی ٹری ریکارڈ سے مدد لی، جس کے بعد خاتون کی شناخت ممکن ہو سکی۔
پولیس کے مطابق شناخت سامنے آنے پر مقتولہ کے شوہر کو شک کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا۔ دورانِ تفتیش ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے اپنے بھائی کے ساتھ مل کر تیز دھار آلے سے بیوی کا گلا کاٹا اور لاش نہر میں پھینک دی۔
ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ دوسری شادی کرنا چاہتا تھا اسی مقصد کے لیے اس نے اپنی پہلی بیوی کو قتل کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے قتل کے اگلے ہی روز دوسری شادی بھی کر لی تھی۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے۔