ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے بارڈر پر کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پاک افغان بارڈر پر واقع افغان باشندوں کیلیے قائم ود ہولڈنگ کیمپ کو چمن ماسٹر پلان منتقل کردیا ہے۔
چمن ماسٹر پلان میں افغان باشندوں کیلیے تمام سہولیات فراہم کردی گئی ہیں، ڈی سی چمن نے ماسٹر پلان میں ایک فائر بریگیڈ کی بڑی گاڑی پینے کی صاف پانی اور میدیکل کیمپ کیلیے ایک اضافی ایمبولینس فراہم کردی ہے اور دیگر تمام ضروری سہولیات اور اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
ڈی سی چمن نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے یہ اقدامات افغان فیملیز کو شیلٹر اور سردیوں سے محفوظ رکھنے کیلیے کمروں کی سہولت موجود نہ ہونے کی وجہ سے اٹھائے ہیں تاکہ افغان باشندوں کو کسی قسم کی تکلیف اور پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومت کی ہدایات پر افغان باشندوں کی باعزت واپسی کو یقینی بنانے کیلیے تمام اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔