گیس کے شعبے میں گردشی قرضے کے خاتمے کیلئے حکومتی پلان تیار

image

گیس کے شعبے میں بڑھتے ہوئے گردشی قرضے پر قابو پانے کیلئے حکومت نے جامع حکمتِ عملی تیار کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر 3180 ارب روپے کے گردشی قرض میں سے ابتدائی مرحلے میں 1700 ارب روپے ایڈجسٹ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم ٹاسک فورس نے گیس سیکٹر کے مالی مسائل کے حل کیلئے تجاویز حکومت کو پیش کر دی ہیں۔ ان تجاویز کے تحت پیٹرولیم مصنوعات پر پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی (پی ڈی ایل) میں مزید 5 روپے فی لیٹر اضافہ کرنے کی تجویز شامل ہے، جس سے حاصل ہونے والی اضافی آمدن گیس کے گردشی قرضے میں کمی کیلئے استعمال کی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق گیس سیکٹر کے گردشی قرض میں تقریباً 1400 ارب روپے نان ریکوری، لائن لاسز اور ٹیرف ڈیفرنشل کی مد میں شامل ہیں، جبکہ 300 ارب روپے ٹیکسز اور سود کی رقم پر مشتمل ہیں۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے گیس کے شعبے کا گردشی قرض آئندہ 6 برسوں میں مرحلہ وار ختم کرنے کا پلان تیار کیا ہے، جس پر عملدرآمد کیلئے متعلقہ وزارتوں اور اداروں سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے پر عملدرآمد سے گیس سیکٹر کے مالی استحکام میں بہتری آئے گی اور توانائی کے شعبے پر دباؤ کم ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US