اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں روسی سفارت خانے کی جانب سے دنیا کے پہلے خلا باز، سوویت ہیرو یوری گاگرین کا مجسمہ نصب کردیا گیا ہے۔ مجسمے کی تنصیب کو پاکستان اور روس کے درمیان سائنسی، ثقافتی اور تاریخی تعلقات کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
مجسمہ کی افتتاحی تقریب میں روسی سفارت خانے کے اعلیٰ حکام، سفارتی نمائندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے یوری گاگرین کی خلائی تحقیق میں خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
یوری گاگرین نے 12 اپریل 1961 کو تاریخ میں پہلی بار خلا کا سفر کر کے انسانیت کے ایک عظیم خواب کو حقیقت میں بدلا۔ ان کا یہ تاریخی کارنامہ آج بھی خلائی سائنس اور تحقیق کی دنیا میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
روسی سفیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوری گاگرین صرف روس کے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے ہیرو ہیں، اور ان کا یہ مجسمہ امن، سائنسی تحقیق اور عالمی تعاون کا پیغام دیتا ہے۔
ایف نائن پارک جیسے عوامی مقام پر مجسمے کی تنصیب کا مقصد نوجوان نسل کو سائنس، تحقیق اور خلائی علوم کی جانب راغب کرنا ہے تاکہ وہ یوری گاگرین جیسے عظیم کرداروں سے متاثر ہو کر آگے بڑھیں۔
شہریوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مجسمہ نہ صرف اسلام آباد کے حسن میں اضافہ کرے گا بلکہ شہر کے علمی اور سائنسی تشخص کو بھی اجاگر کرے گا۔