خیبر پختونخوا کے اضلاع دیر بالا اور خیبر میں ٹریفک حادثات کے دوران 2 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوئے ہیں۔
واقعات کے مطابق دیر بالا کے علاقے بڈالی کے مقام پر افسوسناک حادثہ ہوا، جس میں بخت نواز ولد شاہ مریز (ساکن مسکارئی) سوزوکی چلا رہے تھے کہ اس سے گاڑی بے قابو ہوگئی اور گہری کھائی میں جاگری۔ اس حادثے میں ڈرائیور موقع پر جاں بحق ہوگیا، جبکہ ایک اور شخص احترام خان ولد ساز محمد زخمی ہوگیا، جسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال واڑی منتقل کر دیا گیا۔
دوسری طرف ضلع خیبر کے علاقے باڑہ عزیز مارکیٹ اور شین درنگ میں دو الگ الگ روڈ ٹریفک حادثات ہوئے، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔
دیربالا اور خیبر میں ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر دو افراد جاں بحق ہوئے ہیں، باڑہ میں ہونے والے حادثے کے حوالے سے ریسکیو خیبر نے بتایا کہ حادثے میں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرکے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ جاں حق شخص کی شناخت سید خان ولد محمد رحیم کے نام سے ہوئی۔