خیبر پختونخوا کے علاقے لکی مروت میں سی ٹی ڈی کارروائی کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر کو ہلاک کردیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق وانڈہ امیر خان کے مضافات میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی کارروائی میں ہلاک دہشت گرد برکت عرف برکتی عرف ابوذر مختلف ناموں سے سرگرم دہشت گرد گروہوں کا سرغنہ تھا اور طویل عرصے سے سیکیورٹی اداروں کو مطلوب تھا۔
ہلاک دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں سمیت 10 سے زائد سنگین مقدمات میں ملوث بتایا جاتا ہے، جبکہ آپریشن کے دوران اس کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔
حکام کے مطابق ہلاک دہشت گرد سابق لیویز اہلکار ہدایت اللہ، پولیس کانسٹیبل حافظ زینت اللہ، سمیع اللہ اور اسد اللہ کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھا۔
کارروائی کے دوران عوامی امن کمیٹیوں کے رضاکاروں نے پولیس کا بھرپور ساتھ دیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کو گرفتار کیا جا سکے۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ امن و امان کے قیام کے لیے سی ٹی ڈی کارروائی کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔