یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان آج سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے

image

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان آج پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے جہاں ان کی صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں شیڈول ہیں۔ یہ دورہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ہو رہا ہے اور بطور صدر پاکستان کا یہ ان کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔

دورے کے دوران دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا جس میں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، معاشی تعاون اور علاقائی استحکام کے فروغ سے متعلق امور شامل ہوں گے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں معزز مہمان کے شایانِ شان استقبال کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ شہر کو پاکستانی اور اماراتی پرچموں، پھولوں، قمقموں اور خیرمقدمی بینرز سے سجا دیا گیا ہے جبکہ شاہراہِ دستور، پارلیمنٹ ہاؤس اور ایوانِ صدر سمیت اہم سرکاری عمارتوں کی خصوصی آرائش کی گئی ہے۔

صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا جائے گا جبکہ پاک فضائیہ کے جے ایف-17 طیارے فضائی سلامی پیش کریں گے۔ شہر بھر میں آویزاں خیرمقدمی بینرز پر پاکستانی قیادت اور اماراتی صدر کی تصاویر نمایاں کی گئی ہیں۔

دورے کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ہیوی ٹریفک کا داخلہ صبح 6 بجے سے رات ساڑھے 12 بجے تک بند رہے گا۔ اس کے علاوہ اسلام آباد میں آج عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جس کے باعث اسلام آباد ہائی کورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹس بند رہیں گی۔

تاہم بینک، میٹروپولیٹن کارپوریشن، سی ڈی اے، اسلام آباد انتظامیہ، پولیس، آئیسکو اور گیس دفاتر معمول کے مطابق کام کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US