لائیو شو میں اچانک تعطل، احسن اقبال کی وضاحت سامنے آ گئی

image

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے نجی ٹی وی چینل کے لائیو پروگرام کے دوران اچانک پیش آنے والی مداخلت پر وضاحت جاری کر دی ہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف سوالات اٹھائے جا رہے تھے۔

گزشتہ روز احسن اقبال نجی ٹی وی کے ایک لائیو پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے کہ اچانک مداخلت کے باعث ان کا موبائل فون بند ہو گیا اور نشریات میں مختصر تعطل آ گیا۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آتے ہی صارفین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی وضاحت طلب کی۔

اس حوالے سے صحافی اجمل جامی کے ٹوئٹ کے جواب میں وفاقی وزیر نے بتایا کہ ایک شخص کی بحث کے باعث وقتی طور پر رکاوٹ پیش آئی جبکہ وہ شخص اس بات سے لاعلم تھا کہ لائیو نشریات جاری ہیں۔ احسن اقبال کے مطابق کچھ ہی دیر بعد انہوں نے دوبارہ پروگرام جوائن کر لیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس معاملے پر غیر ضروری سیاست نہ کی جائے اور معاملے کو بلاوجہ متنازع نہ بنایا جائے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بھی سوشل میڈیا پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے احسن اقبال سے بات کی ہے اور انہیں بتایا گیا کہ ایک بچہ غیر متوقع طور پر کمرے میں داخل ہو گیا تھا تاہم صورتحال معمول پر رہی اور احسن اقبال نے دوبارہ شو میں شرکت کر لی تھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US