کراچی میں موسمِ سرما کی پہلی بارش کے بعد سردی کی شدت میں واضح اضافہ ہوگیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں جن میں صدر، جیل روڈ اور اطراف شامل ہیں، پھوار اور ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج رات اور کل بھی ہلکی بارش کا امکان ہے، جبکہ وقفے وقفے سے بوندا باندی اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے جس کے باعث درجہ حرارت میں مزید کمی متوقع ہے۔
دوسری جانب ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں جاگراں، اپر نیلم، شاردہ، اڑنگ کیل، گریس اور تاوبٹ سمیت بالائی علاقوں میں ہلکی اور تیز برف باری وقفے وقفے سے جاری ہے، جبکہ برف باری کے باعث مرکزی شاہراہ نیلم اور رابطہ سڑکوں پر پھسلن میں اضافہ ہوگیا ہے۔
خیبرپختونخوا میں بارش اور برفباری کا سلسلہ گزشتہ روز سے جاری ہے، رزمک، شوال، وانا، برمل اور شکئی کے بالائی علاقوں میں بارش کے بعد برفباری جاری ہے، دیامر میں برفباری سے بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں، سوات میں گزشتہ رات سے مختلف علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے
ادھر بلوچستان کے مختلف علاقوں چمن، حب، وندر، پشین، زیارت اور مسلم باغ میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ کوئٹہ، گوادر اور جیونی میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے ہیں۔