لاہور ہائیکورٹ میں سال 2026 کی پہلی آئینی درخواست دائر کردی گئی۔
درخواست میں پنجاب کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ادویہ کی مفت اور بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست گزار کے مطابق سرکاری اسپتالوں میں جان بچانے سمیت دیگر ضروری ادویہ دستیاب نہ ہونے کی شکایات مسلسل سامنے آ رہی ہیں، جس کے باعث مریض نجی میڈیکل اسٹورز سے مہنگی ادویہ خریدنے پر مجبور ہیں۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ یہ صورتحال غریب اور مستحق مریضوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ حکومت پنجاب اور متعلقہ حکام کو سرکاری اسپتالوں میں ادویہ کی بروقت اور مفت فراہمی یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے جائیں تاکہ مریضوں کو علاج کی بنیادی سہولت میسر آسکے۔