امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا اور اس کے صدر پر بڑے پیمانے پر حملے کی تصدیق کر دی ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے ملک سے باہر منتقل کر دیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق دارالحکومت کاراکس اور دیگر علاقوں میں کم از کم 7 دھماکے ہوئے ہیں۔ وینزویلا حکومت نے تصدیق کی کہ کاراکس، میرانڈا، آراگوا اور لاگویرا میں امریکی حملے کیے گئے ہیں اور صدر نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
وینزویلا حکومت نے کہا ہے کہ امریکا کے حملوں کا مقصد وینزویلا کے تیل اور معدنیات پر قبضہ کرنا ہے، تاہم وہ اس جارحیت کو مسترد کرتی ہے۔ روسی میڈیا کے دعوے کے مطابق امریکی حملوں میں وینزویلا کے دفاعی ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا اور صدر صدارتی محل چھوڑ کر نکل گئے ہیں۔
کولمبیا کے صدر نے کہا کہ کاراکس پر میزائل داغے جا رہے ہیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے۔ امریکی وقت کے مطابق صدر ٹرمپ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے پریس کانفرنس کریں گے۔