وفاقی ٹیکس محتسب سیکریٹریٹ اسلام آباد میں فورم آف پاکستان محتسب (FPO) کا 31 واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر کے محتسبین نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد تعارفی اور مشاورتی تبادلۂ خیال تھا۔
اجلاس کی میزبانی وفاقی ٹیکس محتسب ظفر الحق حجازی نے کی، جنہوں نے ادارہ جاتی ترجیحات پر روشنی ڈالتے ہوئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال، طریقۂ کار میں یکسانیت، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور عوامی آگاہی میں اضافے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی بڑی تعداد کو محتسب اداروں کے بارے میں مکمل آگاہی حاصل نہیں، جس کیلیے سادہ اور مؤثر آگاہی مہمات کی ضرورت ہے۔
اجلاس میں فورم کے اراکین کی بین الاقوامی کامیابیوں کو سراہا گیا، جن میں پنجاب محتسب عائشہ حمید کا انٹرنیشنل اومبڈسمین انسٹیٹیوٹ (IOI) کی نائب صدر منتخب ہونا اور سندھ محتسب سہیل راجپوت کا IOI ڈائریکٹر منتخب ہونا شامل ہے۔
ایگزیکٹو سیکریٹری FPO الماس علی جووندہ نے اجلاس کی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے فورم کی حالیہ کامیابیوں پر بریفنگ دی، جن میں وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کا ایشین اومبڈسمین ایسوسی ایشن (AOA) کا صدر منتخب ہونا شامل ہے۔
پالیسی مباحثے میں ڈیجیٹلائزیشن، جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت کے ذمہ دارانہ استعمال اور قانونی اصلاحات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ سابق محتسبین نے ادارہ جاتی کانفرنسز، عوامی آگاہی اور آن لائن تربیتی پروگرامز کے تجربات شیئر کیے۔
نومنتخب خیبرپختونخوا محتسب رُباب مہدی نے ادارہ جاتی کارکردگی بہتر بنانے کیلیے قواعد و ضوابط میں ترامیم کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ فورم نے ان کی تقرری کا خیر مقدم کیا۔
سیکریٹری وفاقی محتسب علی طاہر نے بتایا کہ دسمبر 2025 تک 2 لاکھ 42 ہزار سے زائد شکایات نمٹائی گئیں، جن کے نتیجے میں عوام کو تقریباً 9 ارب 46 کروڑ روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا، جبکہ دفاتر کا دائرہ 28 شہروں تک بڑھایا گیا۔
اجلاس کے اختتام پر وفاقی ٹیکس محتسب نے شفاف انصاف، عوام دوست اصلاحات اور ادارہ جاتی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔