بھارتی ریاست کرناٹک کے مختلف شہروں میں زیرِ تعمیر عمارتوں پر لگائی گئی ایک عجیب و غریب تصویر نے سوشل میڈیا صارفین کو حیرت میں ڈال دیا۔ تصویر میں ایک بڑی آنکھوں والی عورت کا چہرہ دکھایا گیا تھا جس کی گھورتی نگاہیں خوفناک اور پراسرار محسوس ہوتی تھیں۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب صارف نے تصویر ایکس پر شیئر کی اور سوال اٹھایا کہ یہ عورت کون ہے اور یہ تصویر ہر تعمیراتی مقام پر کیوں دکھائی دیتی ہے۔ تصویر وائرل ہو گئی اور اب تک 33 لاکھ سے زائد افراد نے اسے دیکھا۔
مقامی افراد اور ماہرین نے وضاحت کی کہ یہ تصویر کسی حقیقی عورت کی نہیں بلکہ بھارت میں قدیم روایت ”نظر بٹو“ یا ”دِرِشتی گومبے“ کی جدید شکل ہے۔ اس رسم کے تحت نئی عمارتوں، دکانوں اور گھروں کو بری نظر، حسد اور منفی توانائی سے بچانے کے لیے خوفناک یا غیر معمولی شکلوں والی تصاویر لگائی جاتی ہیں۔
تصویر میں عورت کی آنکھیں اور تاثرات غیر معمولی طور پر بڑھا کر دکھائے گئے ہیں تاکہ نظرِ بد ڈالنے والے پر نفسیاتی اثر پڑے اور منفی توانائی دور رہے۔ مقامی افراد کے مطابق یہ علامات خاص طور پر حساس تعمیراتی مقامات پر لگائی جاتی ہیں۔
کچھ سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ ہے کہ یہ تصویر ممکنہ طور پر 2023 میں کرناٹک کی ایک یوٹیوبر کی ویڈیو سے متاثر ہو سکتی ہے جس کے تاثرات بعد میں میم کلچر کا حصہ بن گئے۔
ماہرینِ سماجیات کے مطابق یہ واقعہ شہری زندگی میں روایتی عقائد اور جدید ڈیجیٹل کلچر کے ملاپ کی مثال ہے جہاں قدیم رسمیں جدید شہروں میں نئی شکل اختیار کر رہی ہیں۔ جو تصویر پہلے خوفناک معمہ سمجھی جا رہی تھی، اب ایک مضبوط ثقافتی علامت کے طور پر پہچانی جا رہی ہے جو روایت، یقین اور جدید رجحانات کو جوڑتی ہے۔