برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فوج کو گرین لینڈ پر ممکنہ حملے کی منصوبہ بندی تیار کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے جوائنٹ اسپیشل آپریشنز کمانڈ کو اس سلسلے میں منصوبہ تیار کرنے کا حکم دیا ہے، تاہم جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اس اقدام کی مخالفت کر رہے ہیں۔ عسکری قیادت کے مطابق یہ کارروائی غیرقانونی ہو سکتی ہے اور امریکی کانگریس بھی اس کی حمایت نہیں کرے گی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کے قریبی مشیر اسٹیفن ملر سمیت بعض اعلیٰ حکام گرین لینڈ پر حملے کے حامی ہیں۔ ذرائع کے مطابق وینزویلا کے خلاف حالیہ کارروائیوں کے بعد ایسے عناصر کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں۔
برطانوی اخبار کا مزید کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ امریکی معیشت کی موجودہ صورتحال سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں، جبکہ آئندہ مڈٹرم انتخابات سے قبل ووٹرز کی توجہ کسی بڑے خارجی مسئلے کی جانب مبذول کرانا بھی ان کے سیاسی اہداف میں شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگر امریکا نے گرین لینڈ پر حملہ کیا تو یہ برطانوی وزیراعظم کے ساتھ کھلا اختلاف ہوگا اور اس کے نتیجے میں نیٹو اتحاد کے ٹوٹنے کا خدشہ بھی پیدا ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا کو گرین لینڈ کا کنٹرول حاصل ہونا چاہیے تاکہ روس یا چین وہاں اثر و رسوخ قائم نہ کر سکیں۔