وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ایم اے جناح روڈ پر جلنے والی مارکیٹ گل پلازہ پہنچ گئے۔
صوبائی وزیر سعید غنی، ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد، کمشنر کراچی حسن نقوی اور دیگر نے وزیراعلیٰ سندھ کو ریسیو کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گل پلازہ میں لگنے والی آگ، نقصانات اور ریلیف کے کاموں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گل پلازہ میں ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات 10 بجے کے بعد آگ لگنے کی اطلاع ملی اور 10 بج کر 27 منٹ پر پہلا فائر ٹینڈر گل پلازہ پہنچا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ گل پلازہ میں لوگ خریداری کرنے آتے ہیں، یہ 40 سال پرانی عمارت ہے جبکہ پاک بحریہ نے بھی امدادی کارروائی میں حصہ لیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ 58 کے قریب لوگ لاپتا ہیں جبکہ نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ابھی تک مجھ سے رابطہ نہیں کیا۔
دوسری جانب سربراہ مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد بھی گل پلازہ پہنچے، آفاق احمد نے تاجروں سے ملاقات اور سانحے پر افسوس کا اظہار کیا۔
آفاق احمد نے تاجروں سے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں، اتحاد کا مظاہرہ کریں، حکومت سندھ کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔
تاجر برادری نے گل پلازہ میں آتشزدگی پر کل یومِ سوگ کا اعلان
مزید برآں آل کراچی تاجر برادری نے گل پلازہ میں آتشزدگی پر کل یومِ سوگ کا اعلان کردیا۔
گل پلازہ میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے کے باعث آل کراچی تاجر برادری نے کل بروز پیر یومِ سوگ منانے کا اعلان کردیا ہے۔
تاجر برادری کے مطابق یومِ سوگ کے دوران کاروباری سرگرمیاں جزوی طور پر معطل رہیں گی جبکہ جاں بحق افراد کے لیے دعا اور متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔