طلبہ کے لیے خوشخبری! حکومت کا ایک لاکھ ای بائیکس دینے کا اعلان

image

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نوجوان طلبہ کے لیے آسان اقساط پر ای بائیکس کی فراہمی کا منصوبہ دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت ایک سال کے دوران ایک لاکھ طلبہ کو ای بائیکس فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ کے اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب نے الیکٹرک بسوں کی مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے قیام میں اہم پیش رفت کی ہے اور صوبے میں قائم اسمبلنگ پلانٹ نے الیکٹرک بسوں کی اسمبلنگ کا آغاز کر دیا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب حکومت ہر ای بائیک پر 70 ہزار روپے کی سبسڈی فراہم کرے گی، جبکہ مرد طلبہ کو بائیک کے حصول کے لیے 14 ہزار روپے ڈاؤن پیمنٹ ادا کرنا ہوگی۔ طلبہ ماہانہ 2 ہزار 100 روپے کی سود سے پاک آسان اقساط کے ذریعے بائیکس حاصل کر سکیں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اعلان کیا کہ طالبات کی ای بائیکس کی ڈاؤن پیمنٹ اور رجسٹریشن فیس حکومت برداشت کرے گی جبکہ سرکاری ملازمین کو بھی آسان اقساط پر ای بائیکس فراہم کی جائیں گی۔

اجلاس میں پنجاب بھر میں الیکٹرک بس سروس کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں گوجرانوالہ، گجرات، راولپنڈی، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، ڈی جی خان، فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژنز کی 91 تحصیلوں میں 1500 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی جس کے لیے پی سی ون کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق مختلف اضلاع کے لیے 189 نئی الیکٹرک بسیں سافٹ لانچنگ کے لیے تیار ہیں جبکہ وزیراعلیٰ نے ان منصوبوں کا آن لائن افتتاح کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔ کوٹ ادو، تلہ گنگ، تونسہ شریف، وہاڑی اور لودھراں میں الیکٹرک بس سروس کے فوری آغاز اور بعض اضلاع میں بسوں کی تعداد بڑھانے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ ہر متعلقہ علاقے میں کم از کم 15 الیکٹرک بسیں فراہم کی جائیں تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں نہ صرف الیکٹرک بسیں متعارف کرائی جا رہی ہیں بلکہ ان کی مینوفیکچرنگ انڈسٹری بھی قائم کی جا رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US