پشاور کے علاقے حیات آباد میں نادرا آفس کے عقب میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جاں بحق ہوگئے۔
ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے 8 خول برآمد ہوئے ہیں۔
پولیس نے لاش کو ضروری کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے اپنے ایک بیان میں واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ان کے بھتیجے فہد خان تھے، جو نادرا ہیڈکوارٹر کے سامنے دہشت گردوں کی فائرنگ کا نشانہ بنے۔
واضح رہے کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے دیگر ناخوشگوار واقعات بھی سامنے آئے ہیں، جن میں مہمند میں انسداد پولیو ٹیم کی ڈیوٹی پر جانے والے 2 پولیس اہلکار فائرنگ سے شہید ہوئے، جبکہ قلعہ عبداللہ میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق ہوئے۔