ملک بھر میں مون سون کے طوفانی اسپیل کے دوران بارش، آندھی اور فلیش فلڈ کے باعث مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
خیبرپختونخوا، بلوچستان اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں نے تباہی مچادی۔ خیبرپختونخوا میں خاتون اور دو بچوں سمیت 6 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 19 افراد زخمی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کے مطابق تیز بارشوں، آندھی اور فلیش فلڈ کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے مجموعی طور پر 6 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 2 مرد، 3 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 7 مرد، ایک خاتون اور 11 بچے شامل ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور فلیش فلڈ کے باعث 38 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں سے 36 گھروں کو جزوی جبکہ 2 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا۔ یہ حادثات خیبر، دیر لوئر، مردان، شانگلہ، باجوڑ، چترال لوئر اور دیر اپر کے اضلاع میں پیش آئے۔
ادھر پنجاب کے ضلع اٹک میں طوفانی بارش کے دوران مکان اور دیوار گرنے کے واقعات میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ بلوچستان کے علاقے ژوب میں مکانات منہدم ہونے سے ایک خاتون اور بچوں سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 10 افراد زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب لاہور اور اسلام آباد میں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آج بھی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ کراچی میں بھی ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبرپختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو سے تین روز تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
دریائے سوات میں جھیل سیف اللہ کے مقام پر سیاحوں سے بھری کشتی الٹنے کے واقعے میں 8 افراد ڈوب گئے تھے، جن میں سے 6 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جبکہ 17 سالہ لڑکی کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق واقعے کے فوری بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی تھیں۔