آن لائن حج رجسٹریشن نظام کو عازمین کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور پہلے 11 روز کے دوران 2 لاکھ 3 ہزار 722 افراد نے گھر بیٹھے اپنی رجسٹریشن مکمل کر لی۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد عازمین نے ویب پورٹل کے ذریعے جبکہ 24 ہزار افراد نے موبائل ایپ استعمال کرتے ہوئے رجسٹریشن کرائی۔ رجسٹرڈ عازمین میں سے ایک لاکھ 54 ہزار سے زائد نے سرکاری حج اسکیم جبکہ 49 ہزار افراد نے پرائیویٹ حج اسکیم کا انتخاب کیا۔
صوبائی سطح پر پنجاب 95 ہزار رجسٹریشنز کے ساتھ سرفہرست رہا، جبکہ سندھ میں 63 ہزار، خیبرپختونخوا میں 28 ہزار، اسلام آباد میں 9 ہزار، بلوچستان میں 5 ہزار 500، آزاد کشمیر میں 1 ہزار 200 اور گلگت بلتستان میں 600 عازمین نے رجسٹریشن مکمل کی۔
اعداد و شمار کے مطابق سال 2028 کے لیے ایک ہزار 400، سال 2029 کے لیے 250 اور سال 2030 کے لیے 350 افراد نے حج کی ادائیگی کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
رجسٹرڈ عازمین میں مردوں کی تعداد ایک لاکھ 19 ہزار جبکہ خواتین کی تعداد 84 ہزار 500 سے زائد ہے، جس سے آن لائن نظام پر عوام کے اعتماد اور سہولت کے رجحان کی عکاسی ہوتی ہے۔