وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر ایران روانہ ہوگئے جہاں وہ ایران کے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای شہید کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم کے ہمراہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی موجود ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف تہران میں ایرانی قیادت اور مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کریں گے اور پاکستانی حکومت و عوام کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے برادر ایرانی قوم کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کریں گے۔
وزیراعظم اپنے دورے کے دوران غم کی اس گھڑی میں ایران کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کے عزم کا بھی اظہار کریں گے۔
ایران میں مصروفیات مکمل کرنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف دوطرفہ دورے پر ترکیہ روانہ ہوں گے، جہاں وہ استنبول میں اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔