وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 97 پیسے کمی کر دی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 9 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 297 روپے 53 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 309 روپے 50 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہو گیا ہے۔
دوسری جانب حکومت نے پیٹرول پر پٹرولیم لیوی میں 6 روپے 22 پیسے فی لیٹر اضافہ کرتے ہوئے اسے 64 روپے 14 پیسے سے بڑھا کر 70 روپے 36 پیسے فی لیٹر کر دیا ہے۔ تاہم ڈیزل پر لیوی میں اتنی ہی کمی کی گئی ہے جس کے بعد ڈیزل پر لیوی 77 روپے 4 پیسے سے کم ہو کر 70 روپے 82 پیسے فی لیٹر رہ گئی ہے۔ مٹی کے تیل پر لیوی 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔
ادھر اوگرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 9 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 231 روپے 14 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ اس سے قبل مٹی کے تیل کی قیمت 227 روپے 5 پیسے فی لیٹر تھی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔