مری ایکسپریس وے پر دھنتار پل کے مقام پر تیز رفتار کار بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دو خواتین زخمی ہو گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 مری کی ایمرجنسی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمی خواتین کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج اور طبی معائنے کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، تاہم واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں اور ایکسپریس وے پر سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور گاڑیوں کی رفتار مقررہ حد کے اندر رکھیں تاکہ ایسے حادثات سے بچا جاسکے۔