کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 5 میں راحت کمرشل کے قریب ایک تیز رفتار واٹر ٹینکر بے قابو ہو کر گھر کی دیوار سے ٹکرا گیا۔ حادثے کے نتیجے میں ٹینکر میں سوار تین افراد پھنس گئے، جنہیں نکالنے کے لیے ریسکیو 1122 نے فوری آپریشن شروع کیا۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق، امدادی کارروائی کے دوران ٹینکر میں پھنسے ایک 13 سالہ بچے حذیفہ ولد یاسر کو بحفاظت نکال کر فوری علاج کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ریسکیو آپریشن کے دوران ٹینکر کے نیچے دبی ایک لاش بھی نکالی گئی، جس کی شناخت 30 سالہ ٹرک ڈرائیور یاسر کے نام سے ہوئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق، حادثے کا شکار ہونے والے ٹرک میں دو ڈرائیور اور ایک کنڈکٹر سوار تھے۔ حادثے میں مزید دو افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں ملبے سے نکالنے کے لیے ریسکیو ٹیموں کی جانب سے امدادی کام جاری ہے۔