شاہین چوک میں جھگڑا چھڑوانے کے دوران پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن شہید

image

وفاقی دارالحکومت کے علاقے شاہین چوک میں جھگڑا ختم کرانے کی کوشش کے دوران پاک فضائیہ کے ایک گروپ کیپٹن فائرنگ سے شہید ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ مارگلہ کی حدود میں ایئر یونیورسٹی کے قریب، بحریہ یونیورسٹی کے سامنے ایک نوجوان مبینہ طور پر ایک لڑکی کو زبردستی گاڑی میں بٹھانے کی کوشش کررہا تھا، جس پر وہاں جھگڑا شروع ہوگیا۔

اسی دوران پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق ولد محمد طارق وہاں سے گزر رہے تھے۔ انہوں نے صورتحال کو قابو میں لانے اور دونوں فریقین کے درمیان صلح کرانے کی کوشش کی، تاہم اس دوران ایک نامعلوم مسلح شخص نے پستول سے فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے نتیجے میں گروپ کیپٹن عاصم طارق موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ ان کی میت کو بعدازاں پاک فضائیہ اسپتال یونٹ ٹو منتقل کردیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ مارگلہ کے ایڈیشنل ایس ایچ او صدیق اور ڈیوٹی آفیسر نوید پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے۔

پولیس کے مطابق نمرہ نامی لڑکی کو حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا ہے جبکہ گاڑی میں موجود دیگر نامعلوم افراد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش اور واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US