کے الیکٹرک کی پوری ہائی کمان تبدیل، قبلہ پھر بھی نہ بدلا، لوڈشیڈنگ سے عوام پریشان

image

کے الیکٹرک کی پوری ہائی کمان تبدیل ہونے کے باوجود شہر قائد میں بجلی کا بحران برقرار ہے اور شدید گرم موسم میں اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی بدستور اجیرن کر رکھی ہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں ساڑھے چار سے دس گھنٹے کی اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا مجموعی دورانیہ 14 گھنٹے تک جا پہنچتا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ فالٹس کی مرمت اور روٹین کی مینٹیننس کے نام پر مختلف علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رکھنا معمول بن چکا ہے، جس سے تنگ آکر اب بڑے پیمانے پر عوام نے سولر سسٹم لگوانا شروع کردیے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں پیک آورز (شدید طلب کے اوقات) میں بھی بجلی کی طلب 3 ہزار میگاواٹ سے کم ہوتی ہے، جبکہ کے الیکٹرک کے پاس 4 ہزار میگاواٹ بجلی بنانے کی صلاحیت موجود ہے۔ اس کے باوجود کے الیکٹرک اپنی بجلی بنانے کے بجائے وفاق اور آئی پی پیز سے بجلی لینے پر زیادہ انحصار کرتی ہے۔

دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان کا دعویٰ ہے کہ شہر کا 70 فیصد حصہ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہے۔ انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کا انحصار بلوں کی سو فیصد ادائیگی پر ہے اور جن علاقوں میں بجلی چوری زیادہ اور ریکوری کم ہے، وہاں قانون کے مطابق زیادہ لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US