کارگل کے ہیرو حوالدار لالک جان شہید کی قربانی پر پوری قوم کو فخر ہے، محسن نقوی

image

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے نشانِ حیدر پانے والے عظیم قومی ہیرو حوالدار لالک جان شہید کے یومِ شہادت پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے وطن کے دفاع کے لیے بے مثال جرات، بہادری اور قربانی کی لازوال داستان رقم کی۔

اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ کارگل کے محاذ پر حوالدار لالک جان شہید کی عظیم قربانی پر پوری قوم کو ہمیشہ فخر رہے گا۔ انہوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور حب الوطنی کی اعلیٰ ترین مثال قائم کی۔

وفاقی وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ حوالدار لالک جان شہید اور وطن کے دیگر تمام شہداء پاکستان کا فخر اور قوم کے حقیقی محافظ ہیں جن کی قربانیاں ملکی امن، خودمختاری اور استحکام کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے قومی ہیروز ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

محسن نقوی نے حوالدار لالک جان شہید سمیت ملک کے تمام شہداء کے اہلِ خانہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطنِ عزیز کے لیے شہداء کی عظیم قربانیوں کا قرض کبھی ادا نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نشانِ حیدر کے اس عظیم وارث کی داستانِ شجاعت ہمیشہ قومی تاریخ کا روشن باب اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US