وفاقی کابینہ کا اجلاس: حج پالیسی اور پلان 2027-2030 کی منظوری

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حج پالیسی اور پلان 2027-2030 کی منظوری دے دی گئی، جبکہ اسلام آباد کے آئیسولیشن اسپتال اینڈ انفیکشس ٹریٹمنٹ سینٹر (IHITC) اور ریجنل بلڈ سینٹر (RBC) کی سروسز آؤٹ سورس کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ کو نئی چار سالہ حج پالیسی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس کے ذریعے طویل مدتی منصوبہ بندی، حج آپریشنز میں بہتری اور عازمین کو بہتر سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی۔ پالیسی کے تحت 2030 تک کسی بھی سال کے لیے ایک ہی بار رجسٹریشن کی سہولت، شرعی اصولوں کے مطابق حج سیونگ اسکیم، مکمل ڈیجیٹل نظام، لانگ اور شارٹ حج پروگرام، شکایات کے ازالے کا ڈیجیٹل نظام، تربیت، تکافل اور ہنگامی ریسپانس کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

وفاقی کابینہ نے رواں سال حج کے بہترین انتظامات پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا، جبکہ ہدایت کی کہ معاونین حج کی تقرری مکمل شفافیت اور میرٹ پر کی جائے اور سرکاری و نجی حج انتظامات کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی یقینی بنائی جائے۔

کابینہ نے شہریوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اسلام آباد کے آئیسولیشن اسپتال اینڈ انفیکشس ٹریٹمنٹ سینٹر اور ریجنل بلڈ سینٹر کی سروسز آؤٹ سورس کرنے کی منظوری بھی دی، جس پر وزارت قومی صحت قواعد و ضوابط کے مطابق عملدرآمد کرے گی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے پاکستان ریلوے کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مالی سال 2025-26 میں ریلوے کی آمدن 115 ارب روپے سے تجاوز کر گئی، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 24.19 فیصد زیادہ ہے۔ فریٹ، پراپرٹی، لینڈ، دیگر ذرائع اور مسافر آمدن میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ وفاقی کابینہ نے ریلوے کی بہتر کارکردگی پر وزیر ریلوے اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی (CCLC) کے 19 مئی 2026 اور اقتصادی رابطہ کمیٹی (ECC) کے 2 جولائی 2026 کے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US