وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گروپ کیپٹن عاصم کے قتل میں ملوث ملزم کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چند روز قبل گروپ کیپٹن عاصم ایک نوجوان خاتون کی مدد کے لیے آگے بڑھے جس پر ملزم نے فائرنگ کرکے انہیں شہید کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے میں ملوث ملزم کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور اسے سخت سزا دی جائے گی۔
وزیراعظم نے بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 15 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے اور وہ دن دور نہیں جب پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ایران میں شہید سپریم لیڈر کی آخری رسومات میں پاکستان کی نمائندگی کی جبکہ ترکیہ کے دورے کے دوران اہم ملاقاتیں ہوئیں۔ ان کے مطابق ترک سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کی اہم سمریوں کی منظوری بھی دی گئی۔
کابینہ نے دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر تفصیلی بریفنگ بھی حاصل کی۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دہشت گردی کو ہر قیمت پر شکست دی جائے گی۔
اجلاس میں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے سے متعلق اقدامات اور بیانات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وفاقی کابینہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ پاکستان کے آبی حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔