وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاطمہ جناح کی پاکستان کے لیے خدمات قومی تاریخ کا روشن باب ہیں اور قوم انہیں ہمیشہ عزت و احترام سے یاد رکھے گی۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح نے تحریکِ پاکستان کے دوران قائداعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ رہتے ہوئے ایک مثالی کردار ادا کیا اور برصغیر کے مسلمانوں کی جدوجہدِ آزادی میں اہم حصہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ مادرِ ملت فاطمہ جناح نوجوان نسل، بالخصوص خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ ان کی زندگی عزم، حوصلے، خدمت اور قومی جذبے کی بہترین مثال ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فاطمہ جناح نے پاکستانی خواتین کی مؤثر اور مثالی نمائندگی کی اور انہیں قومی ترقی کے عمل میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ قوم مادرِ ملت کی قومی، سیاسی اور سماجی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی رہے گی۔