وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جمہوریہ کروشیا کے وزیر خارجہ و یورپی امور ڈاکٹر گورڈن گرلیچ ریڈمین نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کروشیا کے وزیر خارجہ اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کروشیا کے تعلقات باہمی احترام، خیرسگالی اور مشترکہ مفادات پر استوار ہیں۔ انہوں نے تجارت و سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، روابط، زراعت، سیاحت اور ہنرمند افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کروشیا کے صدر زوران میلانوویچ اور وزیراعظم آندرے پلینکوویچ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے انہیں پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔
اس موقع پر کروشیا کے وزیر خارجہ ڈاکٹر گورڈن گرلیچ ریڈمین نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسلام آباد کا دورہ ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ انہوں نے علاقائی امن کے لیے پاکستان اور اس کی قیادت کے کردار کو سراہتے ہوئے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان اور کروشیا کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔