اسلام آباد کی مقامی عدالت نے بحریہ ٹاؤن کے مختلف منصوبوں کے لیے مبینہ طور پر غیر قانونی ذرائع سے بیرون ملک رقوم منتقل کرنے کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے تین مجرموں کو ایک، ایک سال قید اور پانچ، پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نصر من اللہ بلوچ نے مقدمے کی سماعت کے بعد فیصلہ سنایا۔ عدالت نے فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت تینوں ملزمان کو سزا کا حکم دیا۔
استغاثہ کے مطابق مجرمان پر الزام تھا کہ انہوں نے بحریہ ٹاؤن کے مختلف منصوبوں کے لیے حوالہ اور ہنڈی کے غیر قانونی نظام کے ذریعے رقوم بیرون ملک منتقل کیں، جو ملکی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
عدالت نے شواہد اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد تینوں ملزمان کو ایک سال قید کے ساتھ پانچ، پانچ لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔